Masarrat
Masarrat Urdu

بغداد میں ایران اور امریکہ کے درمیان براہ راست مذاکرات کی کوشش

  • 28 Dec 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بغداد، 28 دسمبر (مسرت ڈاٹ کام) عراقی وزیراعظم السودانی نے کہا ہے کہ بغداد تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی بحالی میں سہولت کار بننا چاہتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے کہا ہے کہ بغداد ایران اور امریکہ کے درمیان ایک دوطرفہ ملاقات کے انعقاد کے لیے کوششیں کر رہا ہے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہوسکے۔

تفصیلات کے مطابق عراقی ویب سائٹ بغداد الیوم نے کہا ہے کہ عراق مختلف ادوار میں علاقائی کشیدگی کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتا رہا ہے اور اگرچہ دونوں فریقوں کے اپنے مخصوص تحفظات ہیں، تاہم کسی بھی جانب سے مذاکرات کی بحالی کی مخالفت سامنے نہیں آئی۔

عراقی وزیراعظم نے کہا کہ ایران کے ساتھ عراق کے تعلقات سرکاری، سیاسی اور عوامی سطح پر مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور بغداد ان تعلقات کو ایران اور امریکہ کے درمیان بات چیت کی بحالی کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سیاسی عمل کی حمایت میں ایران کا عراق کے ساتھ کھڑا ہونا داخلی معاملات میں مداخلت کے زمرے میں نہیں آتا۔

السودانی نے واضح کیا کہ عراق اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک فریم ورک معاہدہ موجود ہے، جو سکیورٹی اور عسکری امور سے ہٹ کر وسیع شعبوں میں تعاون کی گنجائش فراہم کرتا ہے، جبکہ اسی تناظر میں بغداد ایران اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ ملاقات کے انعقاد کے لیے سرگرم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے دیگر ممالک بالخصوص سعودی عرب، کے ساتھ تعلقات ایک متوازن اور یکساں پالیسی کے تحت استوار کیے جارہے ہیں۔

Ads