نائب صدرِ جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور وزیراعظم نریندر مودی نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم کی قیادت کی۔ اس موقع پر مرکزی وزراء، قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، اراکینِ پارلیمنٹ، سابق اراکین اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اتپل کمار سنگھ اور راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل پی سی موڈی نے بھی شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے دہشت گردی کے خلاف ہندستان کے پختہ عزم پر زور دیتے ہوئے ایک مضبوط پیغام دیا۔ اس سے قبل انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ یادگاری تقریب محض رسمی کارروائی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا ملک کی یکجہتی، سالمیت، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمارا اجتماعی عزم محض ایک رسمی اعلان نہیں، بلکہ یہ ایک مضبوط پیغام ہے کہ ہندستان کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا۔
اوم برلا نے شہداء کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا جن امر ہیروز نے جس دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، وہ فرض شناسی کی علامت ہے اور جمہوری اقدار و قومی دفاع کے تئیں ہندستان کے غیرمتزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔”
انہوں نے شہداء کی بے مثال قومی خدمات پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے انہیں “ہمیشہ ترغیب کا سرچشمہ” قرار دیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ایکس پر سکیورٹی اہلکاروں کی بہادری کو یاد کیا۔
انہوں نے لکھا،“آج کے دن ہمارا ملک اُن بہادروں کو یاد کرتا ہے جنہوں نے 2001 میں پارلیمنٹ پر ہونے والے گھناؤنے حملے کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔ خطرے کے عالم میں ان کی جرات، مستعدی اور فرض شناسی قابلِ ستائش تھی۔ ہندستان ان کی عظیم قربانی کے لیے ہمیشہ ممنون رہے گا۔
اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی حکومت کی قیادت کے ساتھ موجودگی نے اس موقع پر دہشت گردی کی مذمت اور شہداء کے احترام میں قومی اتحاد کو اجاگر کیا۔
یہ خراجِ عقیدت 13 دسمبر 2001 کے اس دہشت گردانہ حملے کی یاد میں پیش کیاگیا جب بھاری اسلحے سے لیس دہشت گردوں نے پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے کی کوشش کی تھی۔
قوم ان نو بہادر ہیروز جگدیش پرساد یادو اور ماتبر سنگھ نیگی(سکیورٹی اسسٹنٹس، راجیہ سبھا سکریٹریٹ) کملیش کماری(کانسٹیبل، سینٹرل ریزرو پولیس فورس) نانک چند اور رام پال (اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، دہلی پولیس) اوم پرکاش، بجندر سنگھ اور گھنشیام (ہیڈ کانسٹیبلز، دہلی پولیس)
دیش راج (مالی، سینٹرل پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ) کو یاد کر رہی ہے جو اس حملے کو ناکام بناتے ہوئے شہید ہوئے:
ان کی غیر معمولی بہادری اور فرض شناسی کے اعتراف میں جگدیش پرساد یادو، ماتبر سنگھ نیگی اور کملیش کماری کو بعد از مرگ اشوک چکر (ہندستان کا اعلیٰ ترین زمانہ امن کا بہادری ایوارڈ) دیا گیا، جبکہ نانک چند، رام پال، اوم پرکاش، بجندر سنگھ اور گھنشیام کو بعد از مرگ کیرتی چکر سے نوازا گیا۔
