Masarrat
Masarrat Urdu

حکومت نے اسمارٹ فونز پر 'سنچار ساتھی' ایپ کو پری - انسٹال کرنے کی شرط کو ہٹا دیا

Thumb

نئی دہلی، 3 دسمبر (مسرت ڈاٹ کام) حکومت نے ملک میں تیار یا درآمد کیے گئے ہر اسمارٹ فون پر 'سنچار ساتھی' ایپ کو انسٹال کرنے کی شرط کو ہٹا دیا ہے۔

وزارت مواصلات نے بدھ کو ایک پریس ریلیز میں کہا کہ لوگ بڑی تعداد میں ایپ ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں۔ ایسے میں اس کی قبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے موبائل مینوفیکچررز کے لیے اسے پہلے سے انسٹال کرنا لازمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ٹیلی کام وزارت کے 'سنچار ساتھی' ایپ کو لازمی بنانے کے حکم کے بعد اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج شروع کیا تھا۔ اس کا الزام تھا کہ حکومت اپنے مخالفین اور اپوزیشن لیڈروں کی جاسوسی کے لیے ایپ کا غلط استعمال کر سکتی ہے۔

محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے تیار کردہ یہ ایپ موبائل فون پر مالی فراڈ کو روکنے کے لیے بنائی گئی ہے، تاہم اس کے لیے ایپ صارف کے فون پر ایس ایم ایس، کال، رابطوں اور ٹرانجیکشن تک رسائی رکھتا ہے۔

وزارت کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اب تک ایک کروڑ 40 لاکھ افراد ایپ کو ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں، جو روزانہ 2000 سے زیادہ دھوکہ دہی کو روکنے میں مددگار ثابت ہورہا ہے۔ ایپ کے صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ پچھلے ایک دن میں 6 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے اسے ڈاؤن لوڈ کیا، جو کہ 10 گنا اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ 'سانچار ساتھی' ایپ مکمل طور پر محفوظ ہے اور اس کا مقصد لوگوں کو سائبر فراڈ سے بچانا ہے۔ اسمارٹ فونز پر ایپ کو پہلے سے انسٹال کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا کہ لوگ اس ایپ کو تیزی سے اپنا سکیں۔ لیکن اس سمت میں لوگوں کی سرگرمی کو دیکھتے ہوئے اب اس کی ضرورت نہیں ہے۔

 

Ads