Masarrat
Masarrat Urdu

اسلام آباد-تہران-استنبول مال بردار ٹرین 31 دسمبر سے دوبارہ چلنے کو تیار

Thumb

تہران، 3 دسمبر (مسرت ڈاٹ کام) پاکستانی وزیر ریلوے نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کی سہولت کے لیے تینوں ممالک کے درمیان مال بردار ٹرین رواں مہینے کے اواخر میں چلائی جائے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے تحت اسلام آباد، تہران اور استنبول کو ملانے والی اہم فریٹ ٹرین سروس 31 دسمبر 2025 سے دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے اس اقدام کو پاکستان کے علاقائی تجارتی روابط کے فروغ کی سمت ایک بڑے قدم کے طور پر قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اسلامی جمہوری ایران کے ساتھ اقتصادی و تجارتی شراکت داری کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ ریل نیٹ ورک کی بحالی اس مقصد کے حصول میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔

حنیف عباسی نے مزید بتایا کہ پاکستان ریلوے سال کے اختتام تک بین الاقوامی ریل رابطے بحال کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے تاجروں اور برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ اس تاریخی راہداری سے فائدہ اٹھائیں، جو نہ صرف وقت کی بچت کرے گی بلکہ نقل و حمل کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی لائے گی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ اسلام آباد-تہران-استنبول (ITI) کنٹینر ٹرین کا احیاء پاکستان کی علاقائی تجارت میں نئی جہت پیدا کرے گا اور برآمدات کے فروغ کے لیے ایک مضبوط راہداری فراہم کرے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ریل سروس خطے کی معاشی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔

Ads