Masarrat
Masarrat Urdu

حماس کو غیر مسلح کرنے کی کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے، پاکستان کا دوٹوک اعلان

Thumb

اسلام آباد، یکم دسمبر (مسرت ڈاٹ کام) پاکستان نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں ممکنہ بین الاقوامی فورس میں امن قائم رکھنے کے لیے شریک ہو سکتا ہے لیکن حماس کو غیر مسلح کرنے کے لیے تیار نہیں۔ 

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگرچہ اسلام آباد غزہ میں ممکنہ بین الاقوامی استحکام فورس میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے، لیکن فلسطینی مزاحمتی گروہ حماس کو غیر مسلح کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔  

پاکستانی نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا اگر فلسطین میں بین الاقوامی فورس تعینات کرنے کا مقصد حماس کو غیر مسلح کرنا ہے تو ہم اس کے لیے تیار نہیں؛ یہ ہمارا کام نہیں ہے۔  

انہوں نے کہا کہ اگر فورس کا مقصد امن قائم رکھنا ہے تو اسلام آباد یقیناً اس میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔  

پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی عوام نے ہمارے دور کی سب سے تباہ کن المیوں میں سے ایک المیے کا سامنا کیا ہے؛ انہیں حقِ خودارادیت سے محروم کیا گیا، ان کی زمین چھینی گئی اور ان کا سکون برباد کیا گیا۔  

پاکستانی عہدیدار نے تمام مقبوضہ علاقوں، بشمول غزہ، میں اسرائیلی قبضے کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا اور زور دیا کہ تل ابیب کو فلسطینی عوام کے خلاف جنگی جرائم اور نسل کشی پر بین الاقوامی قانون کے مطابق جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔

Ads