انڈین حج کمیٹی نے آج حج 2026 کے لیے حجاج کے سفر کو بہتر بنانے کے مقصد سے ایک روزہ قومی کانفرنس منعقد کی۔ اس اجلاس کی صدارت وزارتِ اقلیتی امور کے سکریٹری ڈاکٹر چندرشیکھر کمار نے کی۔
ڈاکٹر کمار نے انڈین حج کمیٹی کو ہدایت دی کہ حج سے متعلق تمام کام مکمل طور پر ڈیجیٹل، پورٹل پر مبنی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے مربوط ہوں، تاکہ دستی کارروائیوں کی ضرورت ختم ہو جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں مؤثر اور شفاف سروس فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
ڈاکٹر کمار نے درخواست کے مرحلے سے لے کر حج کے بعد کی خدمات تک حاجیوں کے لیے مضبوط ڈیجیٹل نظام کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ معلومات، معاونت اور مالی لین دین تک بلا رکاوٹ رسائی ہو سکے۔
مسٹر شانواس سی نے وزارت کو یقین دلایا کہ کمیٹی حج سفر کو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ ہموار، زیادہ مؤثر اور حاجیوں کے لیے مزید سازگار بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
کانفرنس میں مختلف ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کے نمائندوں نے زمینی سطح کی اطلاعات شیئر کی اور حالیہ برسوں میں حاجیوں کے سامنے آنے والے کئی مسائل کو اٹھایا۔
