Masarrat
Masarrat Urdu

ایران کے مقدس مزارات میں 350 سے زائد لائبریریاں، تقریبا 10 لاکھ کتابیں مطالعہ کے لیے موجود

  • 17 Nov 2025
  • مسرت ڈیسک
  • مذہب
Thumb

تہران، 16  نومبر (مسرت ڈاٹ کام) ایران بھر کے 350 سے زیادہ مزارات میں عوامی کتب خانے قائم ہیں، جن میں مجموعی طور پر 9.6 لاکھ کتابیں موجود ہیں۔ 

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ادارہ اوقاف کے ثقافتی و سامجی معاون حجت الاسلام غلامرضا عادل نے کہا ہے کہ آج مزارات صرف عبادت کی جگہ نہیں رہے بلکہ علم و ثقافت کے مراکز میں بدل گئے ہیں؛ جہاں زیارت کے ساتھ مطالعہ اور دعا کے ساتھ معرفت جڑ گئی ہے۔  

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے 350 سے زیادہ مزارات میں عوامی کتب خانے قائم ہیں جو واقفین، خادمین اور خیرخواہوں کی مدد سے تیار کیے گئے ہیں۔ ان کتب خانوں میں قرآن و حدیث کے علاوہ اخلاقی، خاندانی اور بچوں کے موضوعات پر کتابیں دستیاب ہیں۔  

ان کا کہنا تھا کہ "کتاب وقف کرو" اور "نذرِ کتاب" جیسے عوامی منصوبوں کے ذریعے اب تک 1.5 لاکھ سے زیادہ کتابیں جمع کر کے مزارات کے کتب خانوں میں رکھی گئی ہیں۔ ان کتب خانوں میں مجموعی طور پر 9.6 لاکھ کتابیں موجود ہیں۔  

انہوں نے بتایا کہ 2024 میں ایک ہی مرحلے میں ایک لاکھ کتابیں ملک کی 31 صوبوں کو دی گئیں۔ ادارہ اوقاف نے پچھلے پانچ برسوں میں 300 سے زیادہ قرآنی اور ثقافتی کتابوں کی اشاعت میں بھی تعاون کیا ہے۔  

مزارات میں ثقافتی سرگرمیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ عشرہ کرامت، عشرہ ولایت اور عشرہ محرم میں مزارات کا ماحول علمی و ثقافتی رنگ اختیار کر لیتا ہے۔ کتب میلوں، دینی اشاعتی نمائشوں اور ثقافتی اسٹالز کے ذریعے "زیارت سے معرفت تک" کا پیغام دیا جاتا ہے۔  

انہوں نے مزید کہا کہ "ہر امام زادہ، ایک کتاب" اور "زائر کا کتب خانہ" جیسے منصوبوں نے خاندانوں کو زیارت کے ساتھ مطالعہ کا موقع فراہم کیا ہے۔  

انہوں نے بتایا کہ ادارہ اوقاف کا تعاون فقط مزارات تک محدود نہیں بلکہ عوامی کتب خانوں، مساجد کے ثقافتی مراکز اور بچوں کے تربیتی اداروں کے ساتھ بھی ہے۔   

انہوں نے آخر میں کہا کہ آج مزارات میں جاری سرگرمیاں صرف ثقافتی پروگرام نہیں بلکہ ایک تمدنی حرکت ہیں، جو عوام کو دوبارہ فکر اور علم سے جوڑ رہی ہیں۔ کتب خانہ ضریح کے ساتھ ایک علامت ہے؛ جہاں زائر دل کو زیارت کے لیے اور دماغ کو مطالعہ کے لیے روشن کرتا ہے۔

Ads