Masarrat
Masarrat Urdu

غزہ میں جنگ بندی نہایت 'نازک' ہے اور 'کئی خلاف ورزیوں' کا سامنا کر چُکی ہے: گوتریس

  • 13 Nov 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

اقوام متحدہ، 13 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی نہایت 'نازک' ہے اور 'کئی خلاف ورزیوں 'کا سامنا کر چُکی ہے۔ امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ جنگ بندی کا احترام کیا جائے ۔

بدھ کو نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ "غزہ میں جنگ بندی نہایت نازک ہے لیکن مسلسل خلاف ورزیوں کے باوجود جاری ہے۔ میں جنگ بندی کا مکمل احترام کرنے، مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی بنیاد رکھنے اور ایسے حالات پیدا کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں جو فلسطینی عوام کو اپنی تقدیر کا تعین کرنے کے قابل بنائیں۔جنگ بندی کو اس انداز میں آگے بڑھایا جائے جس سے دو ریاستی حل کے نفاذ کی راہ ہموار ہو۔"

انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ رکاوٹوں کے باوجود غزہ میں انسانی ہمدردی کی کارروائیوں میں وسعت آ رہی ہیں ۔اگرچہ کچھ رکاوٹیں اور چیلنج ابھی بھی موجود ہیں لیکن ہم غزہ کے لئے اپنی انسانی امداد میں نمایاں اضافہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا ہےکہ اقوام متحدہ کے لیے اگلے اقدامات کا فیصلہ یقینا سلامتی کونسل کرے گی۔

اس سے قبل جی سیون کے وزراء نے غزہ میں انسانی امداد کے داخلے پر اسرائیلی پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت جی سیون وزراء نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کا غیر قانونی تشدّد غزہ میں امن کوششوں کو کمزور کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل، اکتوبر 2023 کے بعد سے، زیرِ محاصرہ غزّہ پر مسلّط کردہ نسل کشی جنگ میں زیادہ تر عورتوں اور بچوں پر مشتمل تقریبا 70,000 فلسطینیوں کو قتل کر چُکا ہے۔ اسرائیل، نہایت سّفاکی کے ساتھ ماحولیاتی نسل کُشی بھی جاری رکھے ہوئےہے۔ علاقے کے بیشتر حصّے کو کھنڈرات میں تبدیل کر چُکا اور تقریبا تمام آبادی کو بے گھر کرچُکا ہے۔

 

Ads