تہران، 12 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی پارلیمانی وفد کے دورۂ پاکستان پر قومی اسمبلی کے اسپیکر نے خیرمقدمی پیغام جاری کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے ایرانی پارلیمانی وفد کے حالیہ دورۂ پاکستان کو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی احترام اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت قرار دیا ہے۔
انہوں نے ڈاکٹر محمدباقر قالیباف اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد پاکستان کے لیے باعثِ افتخار تھی اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کا ایک اور ثبوت ہے۔
اپنے پیغام میں ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صرف جغرافیہ یا سیاست تک محدود نہیں بلکہ ایمان، تاریخ اور مشترکہ تہذیب پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام صدیوں سے فکری و روحانی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، جنہیں شعراء، مفکرین اور مصلحین نے امن، انصاف، عزت نفس اور علم کی بنیادوں پر پروان چڑھایا۔
اسپیکر نے ایرانی وفد کے دورے کو پارلیمانی اور اسٹریٹجک تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ ملاقاتوں میں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ وژن پر گفتگو ہوئی، اور تجارت، توانائی، سرحدی تعاون و ثقافتی تبادلے جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہر حال میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور ایران کی اصولی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اسی جذبے کے تحت پاکستان بھی ایران کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے پارلیمانی سفارت کاری کو باہمی اعتماد اور دیرپا تعاون کے فروغ کا مؤثر ذریعہ قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے پارلیمانی گروپس اور کمیٹیاں اس تعلق کو مزید گہرائی اور سمت دیں گی۔
آخر میں پاکستانی اسپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران، بطور مسلم دنیا کے اہم ممالک، امت مسلمہ کی وحدت اور ترقی کے لیے اخلاقی و اسٹریٹجک ذمہ داری رکھتے ہیں۔ امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید پھلیں پھولیں اور خطے میں امن، خوشحالی اور اتحاد کو فروغ دیں۔
