Masarrat
Masarrat Urdu

پانچ ہوائی اڈوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی

Thumb

نئی دہلی، 12 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) دہلی میں لال قلعہ کے قریب کار دھماکے کے دو دن بعد بدھ کے روز ملک کے پانچ ہوائی اڈوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی، تاہم تحقیقات کے بعد یہ دھمکی جھوٹی پائی گئی۔

ایئرلائن کمپنی انڈیگو کے ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ بدھ کے روز ایئرلائن کو ایک ای میل موصول ہوا جس میں پانچ ہوائی اڈوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ انڈیگو نے فوراً یہ ای میل تمام متعلقہ ہوائی اڈوں کو بھیج کر انہیں الرٹ کر دیا۔ یہ ای میل دوپہر تقریباً 3:15 بجے موصول ہوا تھا۔

ایک اور ذرائع نے بتایا کہ ای میل میں دہلی، ممبئی، حیدرآباد، چنئی اور ترواننت پورم ہوائی اڈوں کے نام شامل تھے۔ ای میل میں کہا گیا تھا کہ 24 گھنٹوں کے اندر بم دھماکوں کے ذریعے ان پانچوں ہوائی اڈوں کو تباہ کر دیا جائے گا۔

اطلاع ملتے ہی سکیورٹی ایجنسیاں حرکت میں آ گئی اور تمام ہوائی اڈوں کی مکمل جانچ کی گئی۔ تحقیقات کے بعد پتہ چلا کہ بم کی دھمکی جھوٹی تھی۔ ایجنسیاں اب ای میل بھیجنے والے کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پانچوں ہوائی اڈوں پر معمول کے مطابق آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

 

Ads