Masarrat
Masarrat Urdu

بہار: دوسرے اور آخری مرحلے میں صبح 11 بجے تک 31.38 فیصد ووٹ ڈالے گئے

Thumb

پٹنہ، 11 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں 31.38 فیصد ووٹروں نے پہلے چار گھنٹوں میں یعنی صبح 11 بجے تک اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

ریاستی الیکشن آفس کے مطابق 122 اسمبلی حلقوں کے 45,399 پولنگ اسٹیشنوں پر منگل کی صبح 7 بجے شروع ہوئی ووٹنگ میں صبح 11 بجے تک 31.38 فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ کشن گنج ضلع میں سب سے زیادہ ووٹنگ 34.74 فیصد ریکارڈ کی گئی، جب کہ نوادہ ضلع میں پہلے چار گھنٹوں میں سب سے کم 29.02 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

ضلع مغربی چمپارن میں 32.39 فیصد، مشرقی چمپارن ضلع میں 31.16 فیصد، ضلع شیوہر میں 31.58 فیصد، ضلع سیتامڑھی میں 29.81 فیصد، مدھوبنی ضلع میں 28.66 فیصد، سپول ضلع میں 31.69 فیصد، ضلع ارریا میں 31.84 فیصد، ضلع پورنیا میں 31.84 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ ضلع کٹیہار میں 30.83 فیصد، بھاگلپور ضلع میں 29.08 فیصد، ضلع بانکا میں 32.91 فیصد، ضلع کیمور میں 31.98 فیصد، ضلع روہتاس میں 29.80 فیصد، ضلع ارول میں 31.07 فیصد، جہان آباد ضلع میں 30.36 فیصد، ضلع اورنگ آباد میں 32.88 فیصد، ضلع جموئی میں 32.83 فیصد ڈالے گئے۔

جموئی ضلع سے ملنے والی خبروں کے مطابق نکسل سے متاثرہ برہٹ بلاک کے چورمارا گاؤں میں 25 سال بعد ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس تاریخی موقع پر ووٹرز میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ کئی سالوں کے بعد اس علاقے میں جمہوریت کے تہوار میں حصہ لینے کے لیے گاوں والوں نے صبح سے ہی پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنا شروع کر دیا ہے۔ چورمارہ پولنگ اسٹیشن کو ضلعی انتظامیہ نے ماڈل بوتھ کے طور پر تیار کیا تھا، جہاں ووٹرز کے لیے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ سیکورٹی وجوہات کی بناء پر پورے علاقے میں سخت چوکسی برقرار رکھی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نوین کمار اور پولیس سپرنٹنڈنٹ وشوجیت دیال نے ووٹنگ کے انتظامات کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ انتخابات پرامن اور منصفانہ طور پر کرائے جائیں۔

پورنیا کے بوتھ نمبر 89 اور کشن گنج کے بوتھ نمبر 329 پر ای وی ایم میں خرابی کی اطلاع ملی، جہاں ووٹنگ میں کچھ دیر کے لیے خلل پڑا۔ تاہم الیکشن کمیشن کی خصوصی ٹیکنیکل ٹیم کی کوششوں کی بدولت جلد ووٹنگ دوبارہ شروع ہو گئی۔

مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی نے ووٹنگ کے دوسرے مرحلے پر بات کرتے ہوئے لوگوں سے آج این ڈی اے کو ووٹ دینے کی اپیل کی، انہوں نے کہا کہ این ڈی اے سے بہتر حکومت نہیں ہو سکتی۔

سابق مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی ترجمان سید شاہنواز حسین نے اپنی اہلیہ رینو حسین کے ساتھ سپول ضلع ہیڈکوارٹر کے بوتھ نمبر 190 پر اپنا ووٹ ڈالا۔ شاہنواز حسین نے عوام سے پرجوش طریقے سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ بہار میں ترقی کا ساتھ دیں گے اور جنگل راج کو واپس نہیں آنے دیں گے۔

بہار حکومت کے وزیر اور گیا اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار پریم کمار اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے سائیکل پر پولنگ اسٹیشن پہنچے۔

بہار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر دلیپ جیسوال نے کشن گنج اسمبلی حلقہ کے بوتھ نمبر 286 پر اپنا ووٹ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ پورے بہار میں تہوار کا ماحول ہے۔۔

سابق نائب وزیر اعلیٰ اور کٹیہار سے بی جے پی کے امیدوار ترکیشور پرساد نے کہا، "ہماری ڈبل انجن والی حکومت ریاست اور ملک کی ترقی کر رہی ہے، اور جس طرح سے مرکزی حکومت کی اسکیموں کو کٹیہار میں لاگو کیا گیا ہے، وہ یقینی طور پر کٹیہار کے ووٹروں میں گونج رہا ہے۔

بہار کانگریس کے صدر اوررکن اسمبلی راجیش رام نے اپنے خاندان کے ساتھ 222-کٹمبا اسمبلی حلقہ کے بوتھ نمبر 351، کنیا مدھیہ ودیالیہ، اوبرا (جنوبی حصہ) پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

ریاست بھر کے 20 اضلاع میں ووٹنگ کے دوسرے اور آخری مرحلے کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ ووٹرز ووٹ ڈالنے کے لیے پرجوش ہیں۔ مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر صبح سے ہی لمبی قطاریں دیکھی گئیں، نوجوان، خواتین، بزرگ اور معذور ووٹرز نے جوش و خروش سے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ تمام پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ووٹنگ پرامن طریقے سے جاری ہے۔

Ads