کوالالمپور، 27 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) آسیان اجلاس کے موقع پر ملائشین عوام کا امریکی صدر کی پالیسیوں پر سخت ردعمل، "ٹرمپ واپس جاؤ" کے نعرے گونج اٹھے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آسیان اجلاس میں شرکت کے لیے کوالالامپور آمد پر ملائشین عوام اور فلسطین کے حامیوں نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور "ٹرمپ واپس جاؤ" جیسے نعرے لگا کر امریکی خارجہ پالیسی پر غم و غصے کا اظہار کیا۔
احتجاجی مظاہرے شہر کے مختلف مقامات پر ہوئے جن میں نوجوانوں، سماجی کارکنوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں نے بھرپور شرکت کی۔
مظاہرین نے امریکی صدر کی مشرق وسطی کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ ملائشیا فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔
اس موقع پر پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی گئی تاہم مظاہرین پرامن انداز میں احتجاج کرتے رہے۔
