تہران، 27 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) جنرل جلالی نے کہا ہے کہ شہید حاجی زادہ کی قیادت میں تیار کردہ میزائلوں نے 12 روزہ جنگ میں ایران کی دشمن پر عسکری برتری ثابت کر دی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی سول ڈیفنس آرگنائزیشن کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل غلام رضا جلالی نے کہا ہے کہ زیرِ زمین میزائل ٹاؤنز ایران کی دفاعی حکمت عملی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے سابق سربراہ میجر جنرل شہید امیر علی حاجی زادہ نے ان میزائل ٹاؤنز کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کیا۔
جنرل جلالی نے کہا کہ جون میں امریکہ و اسرائیل کے خلاف 12 روزہ مقدس دفاع کے دوران ایران نے اپنی عسکری قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا، تاہم اس دوران خاص کر ملکی انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں کچھ کمزوریاں بھی سامنے آئیں جنہیں فوری طور پر دور کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لئے جنرل اسٹاف اور حکومت کے تعاون سے مشقیں منعقد کرنے کے متعدد منصوبے زیرغور ہیں۔
