نئی دہلی، 29ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو دہلی بی جے پی دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ دہلی ایک منی انڈیا ہے، جہاں "ایک بھارت، شریشٹھ بھارت" کے جذبے کو مضبوط ہوتے دیکھا۔
مسٹر مودی نے کہا کہ دہلی ملک کا دارالحکومت ہونے کے ساتھ ساتھ ثقافتی تنوع کی بھی راجدھانی ہے، جہاں مختلف ریاستوں کے لاکھوں لوگ یہاں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "گزشتہ برسوں میں، ہم نے دہلی میں 'ایک بھارت، شریشٹھ' کے جذبے کو مسلسل مضبوط ہوتے دیکھا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ دہلی نے سکھ گرووں کا پرکاش پرو جوش و خروش کے ساتھ منانے کے ساتھ ہی آسام کے بہادر جنگجو لاچیت بورفوکن کے 400ویں یوم پیدائش کی شاندار تقریب کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ درگا پوجا کے دوران یہاں بنگال کے رنگوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ روشنیوں کا تہوار اور چھٹھ کا عظیم تہوار دہلی بھر میں بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔
اس موقع پر مسٹر مودی نے دہلی بی جے پی کے کارکنوں سے دہلی کو دنیا کی بہترین راجدھانی بنانے کے لئے دن رات کام کرنے کی بھی اپیل کی۔ وزیر اعظم نے دیوالی اور چھٹھ کے موقع پر سب کو مبارکباد بھی دی۔
