Masarrat
Masarrat Urdu

ریل پر مبنی موبائل لانچر سسٹم سے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والی اگنی پرائم میزائل کا کامیاب تجربہ

Thumb

نئی دہلی، 25 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ہندوستان نے ریل پر مبنی موبائل لانچر سسٹم سے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والی اگنی پرائم میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ اگلے سلسلے کی میزائل دو ہزار کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور کئی جدید خصوصیات سے لیس ہے۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر تیار کردہ ریل پر مبنی موبائل لانچر سے کیا گیا یہ اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے، جو بغیر کسی اضافی نظام کے ریل نیٹ ورک پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے ذریعے پورے ملک میں کہیں بھی، کم نظر آنے کے ساتھ ساتھ کم وقت میں میزائل داغنے کی سہولت حاصل ہو جاتی ہے۔

مسٹر سنگھ نے اگنی پرائم میزائل کے کامیاب تجربے پر ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او)، اسٹریٹجک فورس کمانڈ اور مسلح افواج کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیاب فلائٹ ٹیسٹ نے ہندوستان کو اُن منتخب ممالک کی فہرست میں شامل کر دیا ہے، جن کے پاس متحرک ریل نیٹ ورک سے کینسٹرائزڈ لانچ سسٹم تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

 

Ads