وزیر اعظم مودی راجستھان کے بانسواڑہ میں ایک لاکھ 22 ہزار کروڑ روپے کی مختلف ترقیاتی اسکیموں کا سنگِ بنیاد رکھنے اور افتتاح کے بعد عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور میں ٹیکس اور مہنگائی آسمان پر تھی، بجلی کے شعبے کو نظرانداز کیا گیا اور کروڑوں گھر بجلی سے محروم تھے لیکن بی جے پی حکومت نے ہر گاؤں تک بجلی پہنچانے کا عزم کیا اور حالات بدل دیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج بانسواڑہ میں ایٹمی توانائی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے۔ جس سے بجلی پیداوار کی صلاحیت نئی بلندیوں کو چھوئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ راجستھان، مدھیہ پردیش، آندھرا پردیش، کرناٹک اور مہاراشٹر میں بیک وقت 90 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے بجلی پروجیکٹ شروع ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق 2014 سے پہلے ملک میں ڈھائی کروڑ گھر اور 18 ہزار دیہات بجلی سے محروم تھے، شہروں میں طویل بجلی کٹوتی ہوتی تھی اور دیہات میں چند گھنٹے بجلی آنا بھی ایک بڑی خبر بن جاتی تھی، لیکن آج بجلی ہر گھر اور صنعت تک پہنچ چکی ہے اور سستی شمسی توانائی سے کسانوں کو بھی فائدہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا آج 30 ہزار کروڑ روپے کی دیگر اسکیموں کا بھی سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے، جس سے عام لوگوں کو سہولت ملے گی۔ وزیر اعظم نے تین نئی ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی اور ریاست کے 15 ہزار نوجوانوں کو سرکاری تقرری نامے دیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم کُسُم یوجنا کسانوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں اور یہ اقدامات ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔