Masarrat
Masarrat Urdu

روس اور ایران کے درمیان چھوٹے جوہری بجلی گھروں کی تعمیر پر معاہدہ

  • 25 Sep 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 25 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) روس اور ایران نے چھوٹے جوہری بجلی گھروں کی تعمیر سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روس اور ایران نے چھوٹے جوہری بجلی گھروں کی تعمیر کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ روسی جوہری ادارے روس ایٹم کے سربراہ الیکسی لیخاچیوف اور ایرانی جوہری ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے ماسکو میں ملاقات کے دوران اس معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر محمد اسلامی نے ایرانی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ایران کا ہدف 2040 تک 20 گیگا واٹ جوہری توانائی حاصل کرنا ہے، جس کے لیے آٹھ نئے جوہری بجلی گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

فی الحال ایران میں صرف ایک فعال جوہری بجلی گھر ہے جو بوشہر میں واقع ہے۔ یہ بجلی گھر روس کے تعاون سے تعمیر کیا گیا تھا اور اس کی پیداواری صلاحیت تقریباً 1 گیگا واٹ ہے۔

روس نے ایران کے ساتھ قریبی تعلقات کا ثبوت دیتے ہوئے رواں سال امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی ہے۔

Ads