Masarrat
Masarrat Urdu

دنیا خطرناک دور میں داخل ہوچکی ہے، سعودی رہنما

Thumb

ریاض، 22 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) سعودی رہنما ترکی الفیصل نے کہا کہ موجودہ عالمی نظام کی شکست اور فلسطین سمیت عالمی مسائل کے حل میں ناکامی کی وجہ سے دنیا ایک نئے بحران سے دوچار ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شاہ فیصل سٹڈی سینٹر کے سربراہ ترکی الفیصل نے کہا کہ عالمی نظام کے پُرانے ڈھانچے کے ٹوٹنے اور بین الاقوامی قوانین کی پامالی کے باعث دنیا ایک انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

انہوں نے روسی میڈیا کو بتایا کہ دنیا اس وقت جنگل میں بدل چکی ہے، جہاں جنگوں اور بحرانوں کا راج ہے۔

ترکی الفیصل نے غزہ کے بحران، یوکرین کی جنگ اور اسرائیل کی جارحیت کو عالمی نظام کے ٹوٹنے کی مثالیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام صورتحال عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تصادم کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا حل نہ ہونا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کا عدم نفاذ، خاص طور پر سلامتی کونسل کے ویٹو اختیار کے باعث علاقے کی سکیورٹی کے لیے ایک سنگین خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔

ترکی الفیصل نے اسرائیل کو علاقے کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی نظام میں ایسی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا جو بنیادی مسائل، خاص طور پر فلسطین کے مسئلے کو حل کرے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکہ کی جانب سے اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوششیں، اور یک قطبی دور کے اختتام کے بعد چین، روس اور بھارت جیسے طاقتور ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی بدولت عالمی سطح پر مزید صف بندی ہورہی ہے۔ ان طاقتوں کے بڑھتے ہوئے اتحاد سے عالمی سطح پر ایک نئی نوعیت کی کشیدگی اور تقسیم پیدا ہورہی ہے۔

Ads