Masarrat
Masarrat Urdu

کوئی فلسطینی ریاست نہیں بنے گی، فلسطینی ریاست کے قیام سے اسرائیل کی بقاء خطرے میں پڑ جائے گی : نیتن یاہو

  • 21 Sep 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تل ابیب، 21 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا کی جانب سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اقدام کو اسرئیل نے مسترد کر دیا۔

یورپ سے برطانیہ، شمالی امریکا سے کینیڈا اور آسٹریلیا کی جانب سے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے پر اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کوئی فلسطینی ریاست نہیں بنے گی۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کھلی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری امریکا سے واپسی پر اسرائیل کی جانب سے ردعمل دیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اتوار کو کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام سے اسرائیل کی بقاء خطرے میں پڑ جائے گی، انہوں نے آئندہ ہفتے اقوامِ متحدہ میں ایسی کوششوں کی مخالفت کرنے کا عہد کیا۔

نیتن یاہو نے اپنی کابینہ کو بتایا، "ہمیں اقوامِ متحدہ اور دیگر تمام اداروں میں اپنے خلاف ہونے والے جھوٹے پروپیگنڈے اور فلسطینی ریاست قائم کرنے کے مطالبات کے خلاف لڑنے کی بھی ضرورت ہو گی جو ہمارے وجود کے لیے خطرے کا باعث ہو گی اور دہشت گردی کے نامعقول انعام کا کام دے گی۔ ہم عالمی برادری کو اس معاملے پر آئندہ دنوں میں آگاہ کر دیں گے۔"

نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری کے اقدامات جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب تل ابیب سے اسرائیلی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ناقابلِ دفاع سرحدوں کو قبول کرنے والا کوئی اقدام منظور نہیں۔

اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے مطابق فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے سے خطے کے عدم استحکام میں اضافہ ہو گا۔

اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے سے تنازع کے پُرامن حل کے امکانات کو نقصان پہنچے گا۔

 

 

Ads