صنعا، 21 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) انصار اللہ کے رہنماؤں نے غزہ کی حمایت میں صہیونی حکومت کے خلاف نئے ہتھیاروں کے ساتھ میدان میں آنے کی دھمکی دی ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی تحریک انصاراللہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی حمایت کے لیے نئے ہتھیار میدان میں لائے گئے ہیں اور صہیونی حکومت کو جلد سخت اور حیرت انگیز نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق، انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن حزام الاسد نے اسرائیلی وزیر جنگ یسرائیل کاتز کی حالیہ دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیانات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ تل ابیب یمنی افواج کی مسلسل کارروائیوں کے دباؤ میں شکست کھاچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونیوں کی دھمکیاں ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتیں، غزہ کی حمایت میں ہماری مزاحمت نسل کشی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
الاسد نے مزید کہا کہ انصاراللہ نے نئی نوعیت کے ہتھیاروں کو جنگ میں شامل کردیا ہے جس سے صہیونی حکومت کو سرپرائز دیا جائے گا۔
اس سے قبل انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے ایک اور رکن محمد الفرح نے بھی کاتز کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ تم صنعاء پر قبضے کی بات کرتے ہو جبکہ اپنی ایک کشتی تک واپس نہیں لاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ایلات کی مفلوج بندرگاہ کو بحال کرو، پھر دھمکیوں کی بات کرو۔
الفرح کے مطابق اسرائیل یمنی حملوں کے خوف سے اپنی کشتیوں پر اسرائیلی پرچم نہیں لہرا رہا اور دیگر ممالک کے پرچم استعمال کرنے پر مجبور ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر جنگ یسرائیل کاتز نے حالیہ دنوں میں انصاراللہ کے رہنما کو قتل کی دھمکی دی تھی۔