Masarrat
Masarrat Urdu

دباؤ اور ناجائز مطالبات کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے، صدر پزشکیان

Thumb

تہران،21 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام)  صدر پزشکیان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو اصل سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ دشمن ایران کا راستہ نہیں روک سکتے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کبھی بھی کسی کی زیادتی اور ناجائز مطالبات کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔

انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز تہران میں عالمی سائنسی مقابلے میں میڈلز جیتنے والے ایرانی طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے ملک کے باصلاحیت نوجوان عالمی میدانوں میں ایران کی عزت و وقار کا دفاع کرتے ہیں اور ایران کا پرچم سربلند رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے اور بارہا اس کا اعلان کرچکا ہوں کہ ملک کا اصل سرمایہ تیل، گیس یا سونے کی کانیں نہیں بلکہ یہی نوجوان نسل ہے جو تخلیقی صلاحیتوں اور علم سے آراستہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم یقین کریں تو ہر رکاوٹ پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اس سرزمین کے دشمن کبھی بھی ہمارے راستے کو بند نہیں کرسکتے۔ جو قوم عزم و ارادہ رکھتی ہے، اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ ہم ہرگز زیادتیوں کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں کیونکہ ہمارے پاس تبدیلی کی طاقت اور صلاحیت موجود ہے۔ شرط یہ ہے کہ ہم اہل اور باصلاحیت افراد پر اعتماد کریں۔

پزشکیان نے زور دے کر کہا کہ ایران اپنے نوجوانوں پر تکیہ کیے ہوئے ہے۔ آپ ہی ایران کو ترقی اور خوشحالی کی بلند ترین چوٹیوں تک پہنچا سکتے ہیں۔ ہمیں اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہیے کہ جعلی اور مجرم صہیونی حکومت اپنی مرضی اور ارادہ خطے پر مسلط کرے۔ ایران اپنے نوجوانوں کے ذریعے ملک اور خطے میں ترقی، انصاف اور عدل کو یقینی بنا سکتا ہے۔

Ads