Masarrat
Masarrat Urdu

عظیم اداکار موہن لال کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا

Thumb

نئی دہلی، 20 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) – ملیالم فلموں کے سپر اسٹار موہن لال کو ہندوستانی سنیما میں ان کے شاندار تعاون کے اعتراف میں باوقاردادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

اطلاعات و نشریات کی وزارت نے ہفتہ کو بتایا کہ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کی سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر موہن لال کو یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔ انہیں یہ اعزاز منگل کو 71ویں قومی فلمی ایوارڈ تقریب میں پیش کیا جائے گا۔

وزارت نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا: "دادا صاحب پھالکے ایوارڈ انتخابی کمیٹی کی سفارش پر حکومتِ ہند یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہی ہے کہ مسٹرموہن لال کو باوقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ 2023 سے نوازا جائے گا۔"

پوسٹ میں مزید کہا گیا:"موہن لال کا شاندار فلمی سفر آنے والی نسلوں کے لیے باعث تحریک ہے! اس عظیم اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر کو ہندوستانی سنیما میں ان کے منفرد اور نمایاں کردار کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔ ان کی بے مثال صلاحیت، استعداد اور انتھک محنت نے ہندوستانی فلمی تاریخ میں ایک سنہری معیار قائم کیا ہے۔"

موہن لال نے اپنے ساڑھے چار دہائی کے فلمی کیریئر میں 350 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔ وہ صرف ملیالم فلموں تک محدود نہیں بلکہ تمل، تیلگو اور ہندی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کا جادو بکھیر چکے ہیں۔ انہیں پانچ بار قومی فلمی ایوارڈ اور پدم بھوشن جیسے اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ ہندوستانی فوج نے بھی انہیں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کا عہدہ دے کر عزت بخشی ہے، جو کسی بھی اداکار کے لیے فخر کی بات ہے۔

 

 

Ads