بیروت، 18 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب اور ظالم حکومت ہے جو جلد ختم ہو جائے گی اور زخمی مجاہدین ہی امت کے چراغ اور فتح کے اصل وارث ہیں۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک غاصب اور ظالم حکومت ہے جو بالآخر ختم ہو کر رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق پیجر دھماکوں کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ پیجر دھماکوں اور دیگر صہیونی حملوں میں زخمی ہونے والے مجاہدین بصیرت کے روشن چراغ ہیں۔ یہ زخمی امید کی کنجی، جہاد کے تسلسل کی علامت اور امت کے لئے معلم اور رہنما ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن نے زخمیوں کے کردار کو ختم کرنے کی کوشش کی مگر وہ آج بھی استقامت کے ساتھ میدان میں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل ضرور زوال پذیر ہوگا کیونکہ وہ غاصب، ظالم اور جنایتکار ہے اور مجاہدین اس کے خلاف اس وقت تک لڑیں گے جب تک فتح حاصل نہ ہو، اور آخری فتح آپ ہی کی ہوگی۔
شیخ نعیم قاسم نے زخمیوں کو تین پیغامات دیے:
1. آپ کے زخم بھر رہے ہیں اور آپ اس امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔
2. آپ امید کے ساتھ مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں اور بصیرت کے ساتھ راستہ طے کررہے ہیں۔
3. آپ نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا اور پہلے سے زیادہ طاقت و استقامت کے ساتھ میدان میں واپس آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زخمی نوجوان تعلیم، روزگار، سماجی سرگرمیوں اور میڈیا کے میدان میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور یہی استمرار دشمن کے لئے سب سے بڑی شکست ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ کے مجاہدین اسلام کے کامل پیغام، حضرت محمد و آل محمد (ص)، ولایت، امام خمینیؒ اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہای (دام ظلہ) کے راستے پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین امام مہدیؑ کے پرچم کے منتظر ہیں اور شہید سید حسن نصراللہ کے راستے پر چل رہے ہیں جو امت کے سیدالشہداء اور مجاہد رہنما ہیں۔
آخر میں شیخ نعیم قاسم نے پیجر اور وائرلیس دھماکوں کے تمام زخمیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتح اور کامیابی آپ ہی کا مقدر ہے۔