اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطے دفتر (او سی ایچ اے ) نے غزہ کے محکمہ صحت کے افسران کے حوالے سے بتایا کہ غزہ شہر میں رنتیسی چلڈرن ہاسپٹل پر رات بھر کئی بار حملہ کیا گیا۔ اسپتال میں 80 مریض تھے جن میں انتہائی نگہداشت میں 12 بچے اور شیر خوار شامل تھے۔ نصف مریض اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے تحفظ کی تلاش میں گولیوں کے درمیان بھاگنے پر مجبور ہوئے۔
اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی کی وجہ سے خواتین اسپتالوں، ڈاکٹروں اور صاف پانی کے فقدان کے سبب سڑکوں پر بچوں کو جنم دینے پر مجبور ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ 23,000 خواتین بغیر دیکھ بھال کے زندگی گزار رہی ہیں اور ہر ہفتے تقریباً 15 بچوں کی ولادت طبی امداد کے بغیر ہورہی ہے۔
اوسی ایچ نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز لوگوں کو آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران غزہ شہر چھوڑنے اور عارضی راستے سے جنوب کی طرف جانے کا حکم دیا۔
جاری دشمنی کے درمیان ہزاروں لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں۔ سڑکیں جام ہیں، لوگ بھوکے ہیں اور بچے صدمے کا شکار ہیں۔
پیر اور منگل کے درمیان، غزہ میں لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے شراکت داروں نے جنوب کی طرف تقریباً 40,000 نقل مکانی ریکارڈ کی۔ اگست کے وسط سے، تقریباً 200,000 لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں کئی خواتین، بچے اور بزرگ گھنٹوں پیدل چلتے ہیں۔
او سی ایچ اے نے منگل کو کہا ’’نقل مکانی کا حکم جاری کرنے سے جدو جہد کررہے فریق اپنی دشمنی کے دوران شہریوں کی حفاظت کی ذمہ داریوں سے آزاد نہیں ہوتے۔‘‘ غزہ میں داخل ہونے والی کراسنگ سے خوراک کا سامان اکٹھا کرنے کے لئے دو انسانی مہمات کو یا تو منسوخ کردیا گیا یا مسترد کر دیا گیا۔ دیگر کارروائیوں کو سہولت فراہم کی گئی، لیکن انہیں زمینی سطح پر رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔