Masarrat
Masarrat Urdu

پاکستان نے یو اے ای کو 31 رنز سے دی شکست

Thumb

شارجہ، 31 اگست (مسرت ڈاٹ کام) سیم ایوب (69) اور حسن نواز (52) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت پاکستان نے سہ رخی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں حسن علی (تین وکٹ) اور محمد نواز (دو وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے دی۔

دو سو آٹھ رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی جانب سے محمد زوہیب اور کپتان محمد وسیم کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 39 رنز جوڑے۔ پانچویں اوور میں محمد نواز نے محمد زوہیب (13) کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد محمد وسیم 54 رنز کے اسکور پر 18 گیندوں میں (33) رن آؤٹ ہوئے۔ اسی اوور کی آخری گیند پر حسن علی نے ایتھن ڈیسوزا (تین) کا وکٹ حاصل کیا۔ عالیشان شرافو (تین)، راہل چوپڑا (11)، دھرو پراشر (15) اور صغیر علی (11) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آصف خان نے 35 گیندوں پر چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے (77) رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں 20ویں اوور میں حسن علی نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کی بالنگ کے سامنے متحدہ عرب امارات کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر صرف 176 رنز بنا سکی اور 31 رنز سے میچ ہار گئی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے تین اور محمد نواز نے دو وکٹ حاصل کئے۔ سلمان مرزا اور سیم ایوب نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ہفتے کی شب کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کا بیٹنگ کرتے ہوئے آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے پہلے ہی اوور میں صاحبزادہ فرحان (آٹھ) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد پاکستان کے بلے باز تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں اپنے وکٹ گنواتے رہے۔ تاہم سیم ایوب نے 38 گیندوں پر سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے (69) رنز کی اننگز کھیلی۔ وہیں حسن نواز نے 26 گیندوں پر چھ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ محمد نواز 15 گیندوں میں (25) اور فہیم اشرف (16) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ یو اے ای کا بالنگ اٹیک ایسا تھا کہ پاکستان کے سات بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 207 کے اسکور پر آل آؤٹ ہوگئی۔ یو اے ای کی جانب سے جنید صدیقی اور صغیر خان نے تین تین وکٹ حاصل کئے۔ حیدر علی نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

 

Ads