Masarrat
Masarrat Urdu

انڈیا اے کی خاتون ٹیم نے آسٹریلیا کو دو وکٹ سے ہرایا، 2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کی

Thumb

برسبین، 15 اگست (مسرت ڈاٹ کام) — منّو مانی (تین وکٹ)، اس کے بعد یستیکا بھاٹیا (66)، کپتان رادھا یادو (60) اور تنوجا کنور (50) کی شاندار کارکردگی کی بدولت انڈیا اے کی خاتون ٹیم نے جمعہ کو دوسرے ایک روزہ مقابلے میں آسٹریلیا اے کو ایک گیند باقی رہتے دو وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی انڈیا اے نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی۔ اس سے قبل انڈیا اے ٹیم ٹی-20 سیریز 0-3 سے ہار گئی تھی۔

266 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انڈیا اے کی شروعات اچھی رہی لیکن جلد ہی 20 کے اسکور پر دو وکٹیں گر گئیں۔ شیفالی ورما (4) اور دھارا گرجر (0) آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد ایمی ایڈگر نے تیجل (19) اور راگھوی بشٹ (14) کو آؤٹ کر کے انڈیا اے کو مشکلات میں ڈال دیا۔ تاہم رادھا یادو نے یستیکا بھاٹیا کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور پانچویں وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ ایلا ہیورڈ نے یستیکا بھاٹیا کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ یستیکا نے 71 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے۔ منّو مانی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ تنوجا کنور نے 57 گیندوں پر 50 رنز بنائے، جبکہ رادھا یادو نے 78 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے۔ انڈیا اے نے 49.5 اوور میں 8 وکٹ پر 266 رنز بنا کر میچ دو وکٹ سے جیت لیا۔ پریما راوت نے 33 گیندوں پر 3 چوکوں کے ساتھ ناٹ آؤٹ 32 رنز بنائے۔
آسٹریلیا اے کی جانب سے جارجیا پریسٹویج، ایمی ایڈگر اور ایلا ہیورڈ نے دو، دو وکٹ لیے جبکہ کم گارتھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے آسٹریلیا اے نے ٹاس جیت کر پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 9 وکٹ پر 265 رنز بنائے۔ پہلا وکٹ تالیا ولسن (8) کی صورت میں پانچویں اوور میں گرا، جنہیں تیتاس سادھو نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد ایلیسا ہیلی اور ریچل ٹرینامین نے دوسری وکٹ کے لیے 58 رنز کی شراکت کی۔ منّو مانی نے 15ویں اوور میں ریچل ٹرینامین (24) کو ایل بی ڈبلیو کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ کپتان تالیا میک گرا (15)، انیکا لیروئیڈ (9) اور 30ویں اوور میں ایلیسا ہیلی کو رادھا یادو نے وکٹ کیپر یستیکا بھاٹیا کے ہاتھوں کیچ کروا کر پانچواں جھٹکا دیا۔ ایلیسا ہیلی نے 87 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے۔ اس کے بعد نکول فالٹم (8)، ایلا ہیورڈ (28)، ایمی ایڈگر (7) اور جارجیا پریسٹویج (18) رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ کم گارتھ نے 4 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 41 رنز اسکور کیے۔
انڈیا کی جانب سے منّو مانی نے تین، جبکہ صائمہ ٹھاکر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ تیتاس سادھو، پریما راوت، رادھا یادو اور تنوجا کنور نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

Ads