Masarrat
Masarrat Urdu

امریکی و صہیونی شرارتوں کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں، جنرل موسوی

Thumb

تہران، 29 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل بین الاقوامی اصولوں کے پابند نہیں، ہم ان کی ممکنہ شرارت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل سید عبد الرحیم موسوی نے کہا ہے کہ ہم کسی صورت میں امریکیوں اور صہیونیوں کے وعدوں اور عہد و پیمان پر اعتماد نہیں کرتے اور ان کی جانب سے ممکنہ دوبارہ شرارت کی صورت میں پوری قوت سے مقابلے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

تاجکستان کے وزیر دفاع میجر جنرل امام علی صابرزاده سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے جنرل موسوی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے بین الاقوامی اصولوں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ایران پر بارہ دن تک جارحانہ حملے کیے، مگر وہ اپنے مقاصد میں ناکام رہے اور انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑا، جس کے بعد وہ فائر بندی کی درخواست کرنے پر مجبور ہوئے تاکہ اسرائیل کو بچایا جاسکے۔

جنرل موسوی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں امریکی اور صہیونی طاقتوں پر ذرہ برابر اعتماد نہیں، اور اگر وہ دوبارہ کوئی شرارت کریں تو ہم بھرپور تیاری کے ساتھ ان کا فیصلہ کن جواب دیں گے۔

گفتگو کے دوران تاجک وزیر دفاع نے جنرل موسوی کو ایرانی مسلح افواج کے نئے سربراہ کے طور پر تقرری پر مبارکباد دی اور سپہبد شہید باقری، دیگر فوجی کمانڈروں اور بے گناہ ایرانی عوام کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ المیہ تاجک قوم، حکومت اور مسلح افواج کے لیے بھی ایک بڑا دکھ ہے۔

Ads