اس سے قبل رویندر جڈیجہ (چار وکٹوں) کی شاندار گیند بازی کی بنیاد پر ہندوستان نے لنچ سے قبل انگلینڈ کو 669 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ تاہم انگلینڈ نے کپتان بین اسٹوکس (141) کی سنچری کی بدولت 311 رنز کی نمایاں برتری حاصل کر لی ہے۔
انگلینڈ نے کل کے اسکور سات وکٹوں پر 544 رنز سے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں جسپریت بمراہ نے لیام ڈاسن (26) کو بولڈ کرکے ہندوستان کو آٹھویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے برائیڈن کارس نے کپتان اسٹوکس کا خوب ساتھ دیا۔ اس دوران اسٹوکس نے سراج کی گیند پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ بین اسٹوکس نے 37 اننگز کے بعد ٹیسٹ میں سنچری بنائی ہے۔ وہ ٹیسٹ میں سنچری بنانے اور پانچ وکٹیں لینے والے پانچویں کپتان ہیں۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان نویں وکٹ کے لیے 95 رنز کی شراکت ہوئی۔
سنچری بنانے کے بعد جارحانہ بننے والے اسٹوکس رویندرا جڈیجہ کی گیند کو سوئپ کرنے کی کوشش میں لانگ آن باؤنڈری پر سائی سدرشن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسٹوکس نے 198 گیندوں پر 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے (141) رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد جڈیجہ نے برائیڈن کارس کو محمد سراج کے ہاتھوں کیچ کرا لیا اور لنچ سے قبل انگلینڈ کی پہلی اننگز 669 کے اسکور پر ختم کر دی۔ تاہم انگلینڈ نے ہندوستان کی پہلی اننگز کی بنیاد پر 311 رنز کی اہم برتری حاصل کر لی ہے۔
ہندوستان کی جانب سے رویندرا جڈیجہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ واشنگٹن سندر اور جسپریت بمراہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ انشول کمبوج اور محمد سراج نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔