Masarrat
Masarrat Urdu

اسرائیل کے چار حساس مراکز پر یمنی فوج کے میزائل اور ڈرون حملے

Thumb

صنعا، 26جولائی (مسرت ڈاٹ کام) غزہ پر صہیونی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج نے اسرائیل کے حساس اور اہم مراکز پر میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی مسلح افواج نے صیہونی حکومت کے خلاف اپنی تازہ ترین جوابی کارروائی میں چار اہم اور حساس اہداف کو ہائپر سونک میزائل اور ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔

یمنی ذرائع ابلاغ کے مطابق، یمنی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ فلسطین-۲ ہائپر سونک میزائل کے ذریعے اسرائیل کے جنوبی علاقے بئر السبع میں ایک حساس اور کلیدی مرکز پر حملہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی یمن کی ڈرون یونٹ نے ایلات، عسقلان اور الخضیرہ میں اسرائیلی اہداف پر کامیاب حملے کیے، جو اسرائیل کے اہم اور حیاتی مراکز میں شمار ہوتے ہیں۔ یمنی مسلح افواج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام حملوں میں اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں اس وحشیانہ جنگ، محاصرے اور نسل کشی کا جواب ہیں جو اسرائیل اور اس کے حامیوں، بالخصوص امریکہ کی شراکت سے غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف جاری ہے۔

یمنی فورسز نے واضح کیا کہ وہ اپنے دفاعی اور جوابی آپریشنز کو وسعت دینے پر غور کر رہی ہیں۔ جب تک غزہ میں جنگ بند نہیں ہوتی اور اس کا مکمل محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا، یہ حملے جاری رہیں گے۔

دوسری طرف، اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ یمن سے میزائل حملوں کے بعد اسرائیل کے بیت المیت اور الخلیل کے علاقوں میں خطرے کے پیش نظر سائرن بجائے گئے۔

Ads