سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر ایک بیان میں، فورسز نے جمعے کے روز کہا کہ انہوں نے صعدہ صوبے کے شمال میں الیب فوجی محاذ پر حوثیوں کے ’’بڑے حملے کو ناکام بنا دیا‘‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جھڑپ میں 10 سرکاری فوجی مارے گئے، جب کہ ’’دشمن کے درجنوں جنگجو‘‘ ہلاک یا زخمی ہوئے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حوثی عسکریت پسندوں کی لاشیں علاقے کی وادیوں میں پڑی ہوئی ملی ہیں اور حوثی فوجیوں کی تین گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
اس مبینہ جھڑپ کے بارے میں حوثی گروپ کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
سال 2022 کے آخر میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں جنگ بندی کے معاہدے کے خاتمے کے بعد سے یمن میں امن کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے اور فریقین کے مابین اس کی تجدید یا توسیع پر اتفاق نہیں ہوپایا ہے۔
اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق، 2014 کے اواخر میں شروع ہوئے اس تنازع کے نتیجے میں لاکھوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور لاکھوں کو قحط کا سامنا ہے۔