Masarrat
Masarrat Urdu

بنگلہ دیش نے پاکستان کو سات وکٹوں سے ہرایا

Thumb

میرپور، 20 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) تسکین احمد (تین وکٹ) اور مستفیض الرحمان (دو وکٹ) کی شاندار بالنگ کے بعد پرویز حسین ایمن (56 ناٹ آؤٹ) اور محمد توحید ہردوئے (36) کی شاندار اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نے اتوار کو پہلے ٹی-20  میچ میں 27  گیندیں باقی رہتے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے  دی۔

ایک سو گیارہ رن کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہیں رہا اور سات رنز کے اسکور پر اس کے دو وکٹ گر گئے۔ تنجد حسن اور کپتان لٹن کمار داس ایک ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ دونوں بلے بازوں کو سلمان مرزا نے آؤٹ کیا۔ تیسرے وکٹ کے طور پر محمد توحید ہردوئے 37 گیندوں پر 36 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش نے 15.3 اوورز میں تین وکٹوں پر 112 رنز بنا کر سات وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ پرویز حسین ایمن نے 39 گیندوں پر تین چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 56 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ذاکر علی 10 گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے ساتھ بنگلہ دیش نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے دو اور عباس آفریدی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج یہاں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لئے اتری پاکستان کی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے مسلسل وقفوں سے اپنی وکٹیں گنوائیں۔ بنگلہ دیش کے گیند بازی حملے کے سامنے فخر زمان کے علاوہ پاکستان کے بلے باززیادہ دیر تک نہ ٹک سکے۔ فخر زمان نے 34 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ (17) اور عباس آفریدی 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی گیند بازی کے سامنے پاکستان کے آٹھ بلے بازدہائی کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ پاکستان کے تین بلے بازرن آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کو 19.3 اوورز میں 110 رنز کے اسکور پر ڈھیر کر دیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، مستفیض الرحمٰن نے 2 ، مہدی حسن اور تنظیم حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Ads