سفارتخانہ نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "گزشتہ چند ہفتوں میں سکیورٹی کی پیش رفت کے سبب، ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایران کا غیر ضروری سفر کرنے سے پہلے موجودہ صورتحال کو احتیاط سے ملحوظ رکھیں۔" سفارتخانہ نے کہا ہے کہ ہندوستانی شہری خطے کی تازہ پیش رفت پر نظر رکھیں اور ہندوستانی حکام کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔
ایران میں رہنے والے اور وطن واپسی کے خواہشمند ہندوستانی شہریوں کے لیے سفارتخانہ نے کہا ہے کہ ان کو ایسا کرنے کا اختیار دستیاب ہے۔ سفارت خانہ نے کہا، "ہندوستانی شہری جو پہلے ہی ایران میں مقیم ہیں اور اپنے ملک واپس لوٹنا چاہتے ہیں، وہ اب دستیاب کمرشل فلائٹ اور فیری سروسز سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔" ہندوستانی سفارت خانہ نے یہ ایڈوائزری اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد جاری کی ہے۔ ایران کے فوجی اور جوہری اڈوں کے ساتھ ساتھ کئی شہری علاقوں پر حملوں کی وجہ سے خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔