تہران، 16 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزارت خارجہ نے شام پر صہیونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی خاموشی کو لمحہ فکریہ قرار دیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ نے جنوبی شام میں حالیہ صہیونی حملوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مسلسل خاموشی کو نہایت خطرناک قرار دیا ہے۔
ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک بیان میں شام کے جنوبی علاقے سویدا میں ہونے والی جھڑپوں اور اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں دسیوں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ گذشتہ دو روز کے دوران شام کی خودمختاری اور ارضی سالمیت کے خلاف اسرائیل کی مسلسل فوجی جارحیت ایک خطرناک سلسلے کا تسلسل ہے، جب کہ شام کا ایک بڑا حصہ اب بھی صہیونی قبضے میں ہے۔
ترجمان نے اقوام متحدہ اور بالخصوص سلامتی کونسل کی خاموشی کو صہیونی حکومت کی حوصلہ افزائی کا سبب قرار دیا اور کہا کہ ایسے وقت میں جب اسرائیل نہ صرف شام بلکہ غزہ اور لبنان میں بھی جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، عالمی برادری اور اسلامی ممالک کی خاموشی عالمی اصولوں اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ اسلامی دنیا اور خطے کے ممالک پر لازم ہے کہ وہ اسرائیل کی نسل کشی، قانون شکنی اور غاصبانہ اقدامات کے خلاف متحد ہوکر آواز بلند کریں اور بین الاقوامی قوانین کی بحالی کے لیے مؤثر اقدام کریں۔