Masarrat
Masarrat Urdu

اٹلی اور نیدرلینڈز مردوں کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی

Thumb

ہیگ (سوئٹزرلینڈ)، 12 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) اٹلی اور ہالینڈ نے ہندوستان اور سری لنکا کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب اٹلی نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں جگہ بنائی ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر ہیگ میں کھیلے گئے کوالیفائر میچ میں ہالینڈ نے اٹلی کو نو وکٹوں سے شکست دی جب کہ جرسی نے اسکاٹ لینڈ کو آخری گیند پر ایک وکٹ سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی اسکاٹ لینڈ پہلی بار مردوں کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔
اٹلی کی کرکٹ ٹیم اور جرسی دونوں کے پوائنٹس ٹیبل میں پانچ پانچ پوائنٹس  تھے لیکن اٹلی نے بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ورلڈ کپ کے مین راؤنڈ میں  اپنی جگہ یقینی کر لی۔ اب تک مجموعی طور پر 15 ٹیمیں مردوں کے ٹی 20 ورلڈ  کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر سے تین  اور افریقہ سے دو ٹیمیں 20 ٹیموں کی حتمی فہرست مکمل کریں گی۔
اطالوی کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ چھٹے اور ساتویں نمبر پر موجود بلے بازوں نے اٹلی کی جانب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بین مانینٹی نے 30 اور گرانٹ اسٹورٹ نے 25 رنز بنائے۔ روئےلوف وین ڈیر مروے نیدرلینڈز کے سب سے کامیاب بالر رہے جنہوں نے 15 رنز کے عوض 3 وکٹ حاصل کئے اور انہیں ’پلیئر آف دی میچ‘ سے نوازا گیا۔
اٹلی کے 134 رنز کے جواب میں ہالینڈ کے اوپنرز میکس او ڈاؤڈ نے 47 اور مائیکل لیویٹ نے 34 رنز بنائے۔ آٹھویں اوور میں لیویٹ کا وکٹ گر گیا، جس کے بعد کپتان اسکاٹ ایڈورڈز (37 ناٹ آؤٹ) میدان میں آئے اور او ڈاؤڈ کے ساتھ مل کر تیسرے وکٹ کے لیے 64 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو جیت کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جگہ دلا دی۔
دن کے دوسرے میچ میں جرسی نے پہلی بار اسکاٹ لینڈ کو شکست دی لیکن ان کی خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ  سکی کیونکہ 15ویں اوور میں انہیں یہ خبر ملی کہ اٹلی نے اپنی جگہ پکی کر لی ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز پر 7 وکٹ گنوا دیئے۔ ایک وقت  اسکاٹ لینڈ کی حالت 11ویں اوور میں 64 رنز پر 6 وکٹ ہوگئی تھی لیکن اس کے بعد میتھیو کراس (43 ناٹ آؤٹ) اور مارک واٹ (28 رنز) نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور اسے باعزت اسکور تک لے گئے۔ جرسی کی جانب سے ہیریسن کارلیون نے 26 رنز کے عوض 3 اور بینجمن وارڈ نے 24 رنز کے عوض 2 وکٹ حاصل کئے۔
اسکاٹ لینڈ کے 133 رنز کے جواب میں جرسی کی شروعات اچھی رہی۔ اگرچہ کارلیون تیسرے اوور میں 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے لیکن نک گرین ووڈ نے 36 گیندوں میں 49 رنز بنائے اور ٹیم کو 12ویں اوور تک 81 رنز تک لے گئے۔ اس کے بعد جرسی کی اننگز ڈگمگا گئی اور ٹیم 48 رنز کے اندر اپنے آٹھ وکٹ گنوا بیٹھی۔
جرسی کو آخری چار گیندوں پر پانچ رنز درکار تھے۔ کپتان چارلس پرچرڈ اور جیک ڈنفورڈ نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور آخری گیند پر رنز بنا کر ٹیم کو تاریخی فتح دلائی۔

Ads