Masarrat
Masarrat Urdu

نجی شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر حکومت کا زور: مودی

Thumb

نئی دہلی، 12 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے مینوفیکچرنگ سیکٹر ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نجی شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

مسٹر مودی نے ہفتہ کے روز یہاں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ روزگار میلے میں 51 ہزار لوگوں کو تقرری نامے تقسیم کرنے کے بعد یہ بات کہی۔ ان ملازمین کو حکومت کے مختلف محکموں اور تنظیموں میں تقرری ملی ہے۔
وزیر اعظم نے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو ملک کی سب سے بڑی طاقت بتاتے ہوئے کہا، "آج ہندوستان کی بہت بڑی طاقت ہمارا مینوفیکچرنگ سیکٹر ہے۔ مینوفیکچرنگ میں بڑی تعداد میں نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو حوصلہ دینے کے لیے اس سال کے بجٹ میں مشن مینوفیکچرنگ کا اعلان کیا گیا ہے۔"
وزیر اعظم نے کہا کہ اس کے پیش نظر حکومت نجی شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بہت زور دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا، "حکومت ہند پرائیویٹ سیکٹر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ حال ہی میں، حکومت نے نئی اسکیم، روزگار پروتساہن یوجنا کو منظوری دی ہے۔"
مسٹر مودی نے جمہوریت اور نوجوان آبادی کو ہندوستان کی لامحدود طاقت بتاتے ہوئے  کہا، "آج 51 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو تقرری نامے دیے گئے ہیں۔ ایسے روزگار میلوں کے ذریعے اب تک لاکھوں نوجوانوں کو حکومت ہند میں مستقل ملازمتیں مل چکی ہیں۔ اب یہ نوجوان ملک کی تعمیر میں بڑا کردار ادا کرنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ اور ریسرچ کے نظام کے ذریعہ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا، "آج ملک میں اسٹارٹ اپ، اختراعات اور تحقیق کا ایکو سسٹم بنایا جا رہا ہے۔ جس سے ملک کے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔"
انہوں نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی  رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو سب سے زیادہ مساوات والے ملک کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دہائی میں ہندوستان کے 90 کروڑ سے زیادہ شہریوں کو فلاحی اسکیموں کے دائرے میں لایا گیا ہے۔ آج عالمی بینک جیسے بڑے عالمی ادارے ہندوستان کی تعریف کررہے ہیں۔

Ads