Masarrat
Masarrat Urdu

پُرانی گاڑیوں کو بچانے کے لیے حکومت قانون بنائے: آتشی

Thumb

نئی دہلی، 11 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (آپ) کی سینئر رہنما اور دہلی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما آتشی نے پرانی گاڑیوں کو بچانے کے لیے قانون لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو خط لکھا ہے۔

دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرآتشی نے جمعہ کو محترمہ گپتا کو لکھے گئے خط میں کہا،"میں یہ خط دہلی کے لاکھوں باشندوں کی آواز بن کر آپ کو لکھ رہی ہوں، جو آپ کی حکومت کی حالیہ پالیسی سے سخت پریشان ہیں۔ اس پالیسی کے تحت 10 سال پرانی ڈیزل اور 15 سال پرانی پیٹرول گاڑیوں کو قومی دارالحکومت میں اسکریپ      کیا جانا ہے۔ یہ تجویز یکم جولائی سے نافذ کی گئی تھی، لیکن عوامی مخالفت کے باعث اسے فوراً واپس لے لیا گیا۔ اب یکم نومبر کی نئی ڈیڈلائن کے ساتھ یہ فیصلہ ایک بار پھر لوگوں کے سروں پر تلوار کی طرح لٹک رہا ہے۔ اگر یہ فیصلہ نافذ ہوتا ہے تو اس کا اثر قومی دارالحکومت کی کم از کم 60 لاکھ گاڑیوں پر پڑے گا۔"
انہوں نے کہا کہ کسی گاڑی کی عمر اس کے اسکریپ ہونے کا معیار نہیں ہو سکتی۔
"کوئی گاڑی صرف پانچ سال پرانی ہو سکتی ہے لیکن وہ پانچ لاکھ کلومیٹر چل چکی ہو۔ کوئی گاڑی 15 سال پرانی ہو سکتی ہے لیکن صرف 50 ہزار کلومیٹر ہی چلی ہو۔ کچھ گاڑیاں 3-4 سال پرانی ہو سکتی ہیں لیکن ناقص دیکھ بھال کی وجہ سے آلودگی پھیلا رہی ہوں، جبکہ کچھ گاڑیاں 10-12 سال پرانی ہونے کے باوجود اچھی حالت میں ہوں اور آلودگی نہ پھیلا رہی ہوں۔"

آتشی نے مزید کہا، "لہٰذا صرف عمر کی بنیاد پر کسی گاڑی کو آلودگی کا باعث ماننا بالکل غیر سائنسی اور غیر عملی ہے۔ ایسے فیصلوں کا فائدہ صرف گاڑی بنانے والوں، ڈیلروں اور اسکریپ کاروباریوں کو ہوگا، جب کہ عام آدمی کو بڑا نقصان ہوگا۔ آلودگی سے لڑنا ضروری ہے، لیکن اس کے لیے اس طرح کی مکمل پابندی والی پالیسی کوئی حل نہیں ہے۔"
عام آدمی پارٹی کی رہنما نے کہا کہ اس مسئلے کا واحد حل قانون ہے۔
"چونکہ یکم نومبر کی ڈیڈلائن قریب ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو دہلی میں 10 سال پرانی گاڑیوں کو رعایت دینے کے لیے ایک نیا قانون لانا چاہیے۔ اب جب کہ مرکز اور ریاست دونوں میں بی جے پی کی حکومت ہے، اگر حکومت چاہے تو یہ بل چند دنوں میں منظور ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے دہلی اسمبلی کا خصوصی اجلاس فوری طور پر بلایا جا سکتا ہے، جس میں اس معاملے پر تفصیل سے بات کی جائے۔ میں، عام آدمی پارٹی کی طرف سے، یہ یقین دہانی کراتی ہوں کہ ہم اس قانون کو منظور کرانے اور دہلی کے لاکھوں لوگوں کو راحت دینے کے لیے آپ کی حکومت کا ہر ممکن ساتھ دیں گے۔"

Ads