Masarrat
Masarrat Urdu

بوسنیا سے فلسطین تک، ایران مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہے، عراقچی

Thumb

تہران، 11 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران ہر دور میں اور ہر سرزمین پر مظلوم کا ساتھ دینے کو اپنی دینی و انسانی ذمہ داری سمجھتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سربرنیستا نسل کشی کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ایران ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑا رہے گا، چاہے وہ بوسنیا و ہرزگووینا میں ہوں یا فلسطین میں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اقوام متحدہ نے 11 جولائی کو ’سربرنیستا نسل کشی سے منسوب کیا تھا۔ یہ دن ان تمام لوگوں کے لیے باعث شرم ہے جو یا تو اس ہولناک جرم میں شریک تھے یا اپنی خاموشی کے ذریعے ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کا راستہ ہموار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دلخراش سانحے کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر اسلامی جمہوری ایران اس نسل کشی کے بے گناہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور ان کے لواحقین سے اپنی یکجہتی کا اعلان کرتا ہے۔

عراقچی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا نے واقعی سربرنیستا کے سانحے سے سبق سیکھا ہوتا، تو آج ہمیں غزہ میں مسلمانوں کے خلاف ایک نئی نسل کشی کا سامنا نہ ہوتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑا رہے گا، چاہے وہ بوسنیا میں ہوں یا فلسطین میں۔

Ads