غزہ، 8 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) بیت حانون میں اسرائیلی فوج پر مہلک حملے کے بعد القسام نے کہا ہے کہ صہیونی فوج کا غرور خاک میں ملا دیں گے؛ مزید تابوت اٹھانے کے لیے تیار رہو.
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حماس کی عسکری شاخ القسام بریگیڈ نے شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج پر کاری حملے کے بعد شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صہیونی فوج کو خبردار کیا ہے کہ وہ مسلسل نقصانات کے لیے تیار رہے، کیونکہ اب دشمن کی لاشیں اور تابوت ایک معمول بن جائیں گے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، القسام بریگیڈ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ شمالی غزہ کے علاقے بیت حانون میں اسرائیلی فوج پر حملے کے دوران کم از کم 6 صہیونی فوجی ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوئے۔
القسام کا کہنا تھا کہ ہم دشمن فوج کی ہیبت کو روند دیں گے۔ جب تک غزہ پر جارحیت جاری ہے، تابوت اور لاشیں تمہارا مقدر رہیں گی۔
ذرائع کے مطابق یہ حملہ ایک باقاعدہ منصوبے کے تحت انجام دیا گیا جس نے دشمن کو شدید جانی نقصان پہنچایا۔ صہیونی میڈیا نے بھی اس حملے کو 7 اکتوبر 2023 کے حملوں کے بعد سب سے شدید کارروائی قرار دیا ہے۔