Masarrat
Masarrat Urdu

صہیونی جارحیت کے خلاف آپریشن کی قیادت رہبر انقلاب نے خود کی، محسن رضائی

Thumb

تہران، 3جولائی (مسرت ڈاٹ کام) سپاہ پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ محسن رضائی نے کہا کہ صہیونی جارحیت کے خلاف آپریشن کی قیادت رہبر انقلاب نے خود کی، دوبارہ جارحیت کی صورت میں ایران کا جواب کہیں زیادہ سخت ہوگا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سابق کمانڈر جنرل ریٹائرڈ محسن رضائی نے اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ "وعدۂ صادق 3" آپریشن کی براہ راست کمان اور نگرانی رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ‌ای نے خود انجام دی۔

تہران کے مصلائے امام خمینی شہداء اقتدار کی یاد میں میں تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بڑے عسکری آپریشن کی نگرانی براہ راست رہبر انقلاب نے سنبھالی اور تمام احکامات براہ راست سپاہ اور فوج کو صادر کیے گئے۔

محسن رضائی نے مزید کہا کہ یہ آپریشن مسلح افواج کے جنرل اسٹاف اور خاتم الانبیاء آپریشن کمانڈ کی ہم آہنگی سے انجام پایا۔ اس مرحلے کو ہم نے مکمل طور پر کنٹرول کیا، اور مخصوص، بامقصد اہداف کو نشانہ بنایا۔ آئندہ حملے کی صورت میں ہمارا ردعمل صرف محدود نہیں ہوگا بلکہ حتمی شدید ترین ہوگا۔

انہوں نے اسرائیل کی جارحانہ تاریخ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جعلی حکومت وقتا فوقتا مختلف مسلم ممالک پر حملہ آور ہوتی رہی ہے، مگر آج وہ خود شدید زخم خوردہ اور داخلی بحرانوں میں مبتلا ہے۔

رضائی کا مزید کہنا تھا کہ اس بار اسرائیل نے امریکہ کی پشت پناہی میں مہم جوئی کی، لیکن عبرتناک شکست اس کا مقدر بنی۔

انہوں نے ایرانی خارجہ پالیسی کو جراتمندانہ اور منطقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی سفارت کاری میں قومی مفادات کو مقدم رکھا جاتا ہے اور یہی اس کی طاقت کا مظہر ہے۔

Ads