Masarrat
Masarrat Urdu

غزہ میں اسرائیلی حملے میں انڈونیشین ہسپتال کے ڈائریکٹر اہل خانہ سمیت شہید

Thumb

غزہ، 2 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک حملے میں انڈونیشین ہسپتال کے ڈائریکٹر اور اُن کے خاندان کو شہید کردیا گیا۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق انڈونیشین ہسپتال کے ڈائریکٹر مروان السطان کو غزہ سٹی میں ایک اسرائیلی حملے میں اُن کے خاندان سمیت شہید کردیا گیا۔
صہیونی فوج کی جانب سے یہ حملہ غزہ سٹی کے جنوب مغرب میں ایک رہائشی عمارت پر کیا گیا، اس حملے میں اُن کی اہلیہ اور بچے بھی جاں بحق ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق مروان السطان غزہ سے معلومات کا ایک اہم ذریعہ تھے اور محصور علاقے کے شمال میں فلسطینیوں کی حالتِ زار کی رپورٹنگ کرتے تھے۔
انہوں نے بارہا عالمی برادری سے طبی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کی اپیل کی تھی، خاص طور پر اُس وقت جب اسرائیلی فوج نے ہسپتال کا محاصرہ کیا یا اُس پر حملے کیے۔
خیال رہے کہ آج صبح سے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 43 فلسیطنی شہید ہوچکے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جب کہ مجموعی طور پر اب تک صہیونی مظالم سے 56 ہزار 531 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو 7 جولائی کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔
ادھر، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے 60 روزہ جنگ بندی کو حتمی شکل دینے کے لیے درکار شرائط سے اتفاق کر لیا، اس مدت کے دوران ہم تمام فریقین کے ساتھ مل کر جنگ کے خاتمے کے لیے کام کریں گے۔

Ads