تہران،یکم جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ایران کی راجدھانی تہران کی ایون جیل پر حالیہ اسرائیلی حملے میں مرنے والوں کی تعداد 79 ہو گئی ہے۔نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ایجنسی نے ایران کی عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر کے حوالے سے بتایا کہ 23 جون کو ہوئے حملے کے متاثرین میں خاندان کے افراد، جیل کا عملہ، قیدی اور قریبی عمارتوں کے رہائشی شامل ہیں۔انہوں نے صحیح تعداد بتائے بغیر کہا کہ ’مجرمانہ‘ حملے میں کئی دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ 13 سے 24 جون کے درمیان ایران پر اسرائیلی حملوں کے دوران 935 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 38 بچے اور 132 خواتین شامل ہیں۔
واضح ر ہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے جوہری اور فوجی مقامات سمیت مختلف علاقوں پر بڑے فضائی حملے کیے تھے۔ اس حملے میں سینئر کمانڈر، ایٹمی سائنسداں اور عام شہری مارے گئے۔ ایران نے اس حملے کا جواب اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملوں سے دیا۔ دونوں ممالک کے درمیان 12 دن کی لڑائی کے بعد 24 جون کو جنگ بندی پر دستخط ہوئے تھے۔