بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ ایران نے امریکی حملوں کا سخت جواب دینا شروع کر دیا ہے۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کی رپورٹ کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب نے قطر اور عراق میں امریکی اڈوں پر میزائل داغے ہیں۔
دوسری جانب قطر نے امریکا کے زیر انتظام العدید بیس پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ براہ راست جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
اس حملے کے بعد قطر نے اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے اور امریکی اور برطانیہ کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ قطر میں العدید ایئربیس مغربی ایشیا میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے۔ یہاں 8000 سے 10000 امریکی فوجی موجود ہیں۔
پینٹاگون نے العدید ایئربیس پر ایران کے حملے کی تصدیق کی ہے۔ پینٹاگون کے مطابق ایران نے بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ ایک دفاعی اہلکار نے کہا کہ ابھی تک اس حملے میں کسی امریکی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔