آج یہاں صبح کے سیشن میں بنگلہ دیش کو 495 رنز کے اسکور تک آؤٹ کرنے کے بعد بلے بازی کرنے اتری پتھم نسانکا اور لاہیرو ادارا کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 47 رنز جوڑے۔ 22ویں اوور میں لہیرو اُدارا (29) کو تیج الاسلام نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے دنیش چندیمل نے پتھم نسانکا کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 157 رنز جوڑے۔ 51ویں اوور میں نعیم حسن نے دنیش چندیمل (54) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کوتوڑ دیا۔ اینجلو میتھیوز (39) تیسرے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ حسن محمود نے ڈبل سنچری کی جانب گامزن پتھم نسانکا کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو ایک بڑی کامیابی دلائی۔ پتھم نسانکا نے اپنی 187 رنز کی اننگ میں 256 گیندوں کا سامنا کیا۔ انہوں نے اپنی اننگ میں 23 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا کے لیے یہ ایک بڑا دھچکا تھا۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر سری لنکا نے 93ویں اوور میں چار وکٹوں پر 368 رنز بنا لیے تھے۔ وہ اب بھی پہلی اننگ میں بنگلہ دیش کے اسکور سے 127 رنز پیچھے ہے۔ کامندو مینڈس (37 ناٹ آؤٹ) اور کپتان دھننجے ڈی سلوا (17 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود ہیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام، نعیم حسن، حسن محمود اور مومن الحق نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں بنگلہ دیش نے کل کے 9 وکٹوں پر 484 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں، بنگلہ دیش نے کل کے اسکور میں 11 رنز کا اضافہ کیا جب اسیتھا فرنینڈو نے ناہید رانا (0) کو وکٹ کیپر کوسل مینڈس کے ہاتھوں کیچ کروا کر بنگلہ دیش کی اننگ 500 کے اسکور سے پہلے 495 پر سمیٹ دی۔ حسن محمود سات رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل مشفق الرحیم (163)، کپتان نظم الحسین شانتو (148) نے سنچری اور لٹن کمار داس (90) نے نصف سنچری بنا کر بنگلہ دیش کو بڑا اسکور کھڑا کرنے میں اہم تعاون دیا۔ ان تینوں بلے بازوں کے علاوہ کوئی بنگلہ دیش کا کوئی دیگر بلے باز سری لنکا کے باؤلنگ اٹیک کے خلاف زیادہ دیر تک نہ چل سکا۔ سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ تھرندو رتنائیکے اور میلان رتنائیکے نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔