آج یہاں نیدرلینڈ کے ایمسٹیل وین کے ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا نے ہندوستان کو 4-3 سے شکست دی۔
ہندوستان کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ نے (12ویں، 33ویں منٹ) میں دو گول کیے، جبکہ ابھیشیک نے (42ویں منٹ) میں تیسرا گول کیا۔ ارجنٹینا کے لیے پہلا گول میٹیاس رے نے (تیسرے منٹ میں)، اس کے بعد لوکاس مارٹینیز نے (17ویں منٹ میں)، سینٹیاگو تارازونا نے (34ویں منٹ میں) اور لوسیو مینڈیز نے (46ویں منٹ میں) گول کیے۔
ارجنٹینا نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور تیسرے منٹ میں ہی میٹیاس نے فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 سے برتری دلائی۔ ہندوستان نے جلد ہی واپسی کی اور 12ویں منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا، جسے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے شاندار انداز میں گول میں تبدیل کر کے اسکور 1-1 کر دیا۔ پہلا کوارٹر 1-1 کی برابری پر ختم ہوا۔
دوسرے کوارٹر کے آغاز میں ہی ارجنٹینا نے 17ویں منٹ میں لوکاس مارٹینیز کے گول کی بدولت 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔ تیسرے کوارٹر میں ہندوستان نے جارحانہ آغاز کیا اور ارجنٹینا کے دفاعی لائن کو توڑتے ہوئے پنالٹی اسٹروک حاصل کیا، جسے ہرمن پریت سنگھ نے 33ویں منٹ میں گول میں تبدیل کر کے میچ 2-2 سے برابر کر دیا۔ اگلے ہی منٹ میں سینٹیاگو تارازونا نے پنالٹی کارنر کے ذریعے گول کر کے اسکور 3-2 کر دیا۔
42ویں منٹ میں ہندوستان کے ابھیشیک نے شاندار فیلڈ گول کر کے میچ کو دوبارہ برابر کر دیا، لیکن 46ویں منٹ میں ارجنٹینا نے چوتھے کوارٹر کے آغاز کے محض 18 سیکنڈ بعد لوسیو مینڈیز کے گول سے پھر برتری حاصل کر لی۔ اس کے بعد ارجنٹینا نے دفاع اور حملے میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ہندوستان کو 4-3 سے شکست دے دی۔
ہندوستانی ہاکی ٹیم جمعرات کو اگلے میچ میں ایک بار پھر ارجنٹینا سے مقابلہ کرے گی۔