تہران، 9 جون (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزیر انٹیلی جنس اسماعیل خطیب نے مہر نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صہیونی حکومت کی اسٹریٹیجک، دفاعی اور سائنسی معلومات کے خزانے تک رسائی حاصل کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر برائے انٹیلی جنس حجت الاسلام سید اسماعیل خطیب نے صہیونی حکومت کی اسٹریٹیجک اور حساس معلومات تک رسائی کا انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے مہر نیوز کے رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی میں مکمل جوہری دستاویزات حاصل کرلی گئی ہیں اور انہیں منتقل بھی کیا جاچکا ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ، یورپ اور دیگر ممالک سے متعلق اہم معلومات اور وہ اسناد بھی شامل ہیں جو ایران کی دفاعی طاقت میں اضافے کا باعث بنیں گی۔
وزیر اطلاعات نے اس خفیہ کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ امام زمان کے گمنام سپاہیوں کا ایک وسیع، ہمہ جہت اور پیچیدہ آپریشن تھا جس کا آغاز صہیونی ذرائع میں نفوذ اور ان کے ساتھ روابط قائم کرنے سے ہوا۔ بتدریج ان ذرائع تک رسائی بڑھی گئی اور بالآخر خدائے بزرگ و برتر کے فضل سے ہم اس قیمتی خزانے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکمل سیکیورٹی کے ساتھ وطن منتقلی کو یقینی بنانے کی خاطر اس کاروائی میں وقت لگا۔ جتنی اہمیت ان دستاویزات کی ہے، اتنی ہی اہمیت ان کی منتقلی کے طریقۂ کار کی بھی ہے۔ اس لیے ہم ان طریقوں کو مکمل طور پر مخفی اور محفوظ رکھیں گے۔
آخر میں حجت الاسلام خطیب نے کہا کہ یقیناً ان اسناد کے منتقل کرنے کے طریقے فی الحال ظاہر نہیں کیے جائیں گے تاہم ان شاءاللہ ان اسناد کو بعد میں منظر عام پر لایا جائے گا۔