Masarrat
Masarrat Urdu

حیدرآباد میں مس ورلڈ مقابلہ۔حسیناوں نے تلنگانہ سکریٹریٹ کادورہ کیا۔ڈرون شو مرکز توجہ

Thumb

  حیدرآباد18مئی(مسرت ڈاٹ کام) دنیا بھر سے آئی مس ورلڈ مقابلہ میں حصہ لینے والی حسینائیں ان دنوں تلنگانہ کی میزبانی اور خوبصورتی سے بے حد متاثر نظر آرہی ہیں۔ ریاست کے مشہور سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کے بعد یہ حسینائیں آج تلنگانہ سکریٹریٹ پہنچیں، جہاں انہوں نے تلنگانہ تلی (ماں) کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔انہوں نے فوٹوگرافی کے لئے دلکش پوز دیئے۔ انہوں نے سیلفیاں بھی لیں اور   سکریٹریٹ کے اطراف چہل قدمی کرتے ہوئے ماحول سے لطف اندوز ہوئیں۔تلنگانہ حکومت کی جانب سے ان مہمانوں کے اعزاز میں خصوصی ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں ریاست کی مخصوص لذیذ روایتی غذائیں بھی پیش کی گئیں۔ شرکاء کے اعزاز میں منعقد ہ ڈرون شو سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ اس شو میں ڈرونس کے ذریعہ تلنگانہ تلی کی شبیہہ کو آسمان پر نمایاں کیا گیا۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیمات جیسے راجیو آروگیہ شری، 500 روپے کا گیس سلنڈر، اور مہالکشمی اسکیم کو بھی ڈرون کے ذریعہ منفرد انداز میں پیش کیا گیا۔ڈرونس نے ریاست کی ثقافت اور روایات کو مختلف شکلوں میں نمایاں کیا۔ سکریٹریٹ کی عمارت کو ترنگے کے رنگوں اور روشنیوں سے سجایا گیا، جس نے حسیناؤں کے ساتھ ساتھ موجود دیگر مہمانوں کو بھی حیران کردیا۔

Ads