Masarrat
Masarrat Urdu

جموں میں دھماکوں کی آوازوں سے خوف و ہراس، فضا میں مشتبہ سرگرمیاں

Thumb

جموں،9مئی(مسرت ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے سرمائی راجدھانی  جموں میں جمعہ  کی اعلیٰ الصبح متعدد زوردار دھماکوں کی آوازوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جس کے بعد فوری طور پر شہر بھر میں بلیک آؤٹ نافذ کر دیا گیا۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ہندوستانی افواج نے پاکستان کی طرف سے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق، دھماکوں کی آوازیں صبح 3:50 بجے سے 4:45 بجے کے درمیان سنائی دیں، جن سے پہلے علاقے میں سائرن بجائے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے خطرے کو مؤثر طریقے سے ناکام بنایا۔
عینی شاہدین اور سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں آسمان میں مشکوک فضائی چیز اور ان کے ساتھ دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں، جو ممکنہ طور پر پاکستانی لائٹرنگ میونیشنز (خودکار دھماکہ خیز ڈرونز) کی سرگرمی کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پوونچھ، راجوری اور جموں اضلاع میں رات بھر پاکستانی افواج کی جانب سے فائرنگ اور گولہ باری کی گئی، جس کا ہندوستانی افواج نے مؤثر جواب دیا۔
جموں کے ڈپٹی کمشنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پر سکون رہیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر جموں و کشمیر میں تمام اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں آئندہ دو دن کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
سکیورٹی ادارے مکمل الرٹ پر ہیں اور حساس علاقوں میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔

Ads