Masarrat
Masarrat Urdu

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے مودی کی ہندوستان دورے کی دعوت قبول کر لی: ترجمان کریمیلن

  • 05 May 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

ماسکو، 5 مئی (مسرت ڈاٹ کام)  کریمیلن کے ترجمان نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے نریندر مودی کی جانب سے ہندوستانی  دورے کی دعوت قبول کر لی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں  ’رائٹرز اور اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن نے  ہندوستانی  وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ملک کے دورے کی دعوت قبول کر لی۔
ترجمان کریمیلن دمتری پیسکوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ  ہندو پاک ایسے اقدامات کریں گے، جس سے کشیدگی کم ہوگی، مزید کہا کہ ہم سرحد پر پیدا ہونے والی کشیدگی کو بڑی تشویش کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ہندوستانی  وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو اور دہلی کے درمیان ’خصوصی شراکت داری‘ بیرونی اثرات سے محفوظ اور تمام شعبے متحرک انداز میں ترقی کر رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات چیت کے بعد کہا تھا کہ وہ ثالثی کے لیے تیار ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ روس تاریخی طور پر ہندوستان کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتا ہے، جو سوویت یونین کے دور سے چلے آ رہے ہیں، اور ہندوستان کو سب سے بڑا اسلحہ فراہم کرنے والا ملک ہے۔
ترجمان کریمیلن دمتری پیسکوف نے کہا کہ  ہندوستان ہمارا اسٹریٹجک شراکت دار ہے، پاکستان بھی ہمارا شراکت دار ہے، ہم دہلی اور اسلام آباد دونوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

Ads