تہران، 20 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزیر خارجہ نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے اگلے مرحلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین کی سطح پر تکنیکی مذاکرات بدھ کو عمان میں شروع ہوں گے۔
مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ آج ہمارے درمیان تقریباً 4 گھنٹے مذاکرات ہوئے، پچھلی میٹنگ کے بعد، اس بار یہ مستقبل کے حوالے سے ایک اچھی میٹنگ تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم متعدد اہداف کے حوالے سے افہام و تفہیم تک پہنچنے میں کامیاب رہے، جس میں طے پایا کہ مذاکرات جاری رہیں گے اور اگلے مرحلے میں داخل ہوں گے۔ تاکہ تکنیکی ماہرین کی ملاقاتیں شروع ہو سکیں۔
عراقچی نے کہا کہ ماہرین کی سطح پر تکنیکی مذاکرات عمان میں بدھ سے شروع ہوں گے۔ ہم اگلے ہفتے عمان میں دوبارہ ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات تعمیری ماحول میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
عراقچی نے بالواسطہ بات چیت کے حوالے سے بعض قیاس آرائیوں کے بارے میں کہا کہ قیاس آرائیاں اور افواہیں مختلف مقاصد کے ساتھ، مذاکرات کے دوران ہمیشہ سے موجود رہی ہیں، اور ہم نے کئی بار اس کا تجربہ کیا ہے۔" میں ان قیاس آرائیوں کی تصدیق نہیں کرتا، جب مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچتے ہیں تو نتائج خود ظاہر ہوں گے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوام اور میڈیا کو ان قیاس آرائیوں پر زیادہ توجہ نہیں دینی چاہیے۔ آئیے کسی نتیجے پر پہنچنے کے لیے ایک معقول راستے پر چلتے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اگلے ہفتے، تکنیکی ملاقاتوں کے بعد، ہم کسی معاہدے تک پہنچنے کے امکان کا فیصلہ کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہوں گے، لیکن ہم اب بھی محتاط ہیں۔