مسٹر کمار نے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز، بہار 2025 کے سرکاری لوگو کی نقاب کشائی کی اور مرکزی لیبر و روزگار اور نوجوانوں کے امور اور کھیل کے وزیر منسکھ مانڈویہ نے پیر کو یہاں وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ میں 'سمواد' میں منعقدہ ایک پروگرام میں ریموٹ کے ذریعے شوبھنکر کی نقاب کشائی کی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر نے اسپورٹس گانا بھی لانچ کیا۔ اس کے ساتھ ہی کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کی مشعل گورو یاترا رتھ کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ بہار میں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2025 کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی 04 مئی کو پٹنہ میں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز، 2025 کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا، "ہم تمام کھلاڑیوں کو بہار کی سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں۔"
مسٹر نتیش کمار نے کہا کہ یہ تقریب بہار میں کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینے اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے ذریعے ریاست میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور نوجوانوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع ملے گا۔
قابل ذکر ہے کہ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز، بہار 2025 پہلی بار بہار میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ 4 مئی سے 15 مئی تک بہار کے پانچ اضلاع پٹنہ، نالندہ (راجگیر) گیا، بھاگلپور اور بیگوسرائے میں کھیل مہا کمبھ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس میں پورے ملک سے 8500 کھلاڑی اور 1500 ٹیکنیکل پرسنل 28 کھیلوں کے لیے حصہ لیں گے یعنی کل ملاکر 10 ہزار افراد۔ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کی مشعل گورو یاترا 15 اپریل سے 02 مئی کے درمیان بہار کے 38 اضلاع سے گزرے گی۔
کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کا 'لوگو' بہار کے بھرپور ثقافتی ورثے اور کھیلوں کے جذبے کی علامت ہے۔ اس کے نارنجی اور سبز رنگ جوش اور فطرت کے امتزاج کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس کے شوبھنکر 'گج سنگھ' کی شکل اور تصور ریاست کی تاریخی، ثقافتی اور کھیلوں کی روح کی علامت ہے۔ یہ شوبھنکر بہار کے بھرپور آثار قدیمہ کے ورثے سے متاثر ہے، جو پال دور میں نالندہ اور بودھ گیا کے مندروں اور ستونوں پر پائے جانے والے گج سنگھ (ہاتھی اور شیر کے امتزاج) کے مجسمے سے لیا گیا ہے۔
دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا، دیہی تعمیرات کے وزیر اشوک چودھری، وزیر کھیل سریندر مہتا، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری امرت لال مینا، ڈیولپمنٹ کمشنر پرتیا امرت، پولیس ڈائریکٹر جنرل ونے کمار، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، ایڈیشنل چیف سکریٹری محکمہ کھیل بی راجندرنے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کمار روی، وزیر اعلیٰ کے خصوصی افسر گوپال سنگھ، بہار اسٹیٹ اسپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل رویندرن شنکرن، اسپورٹس ڈائریکٹر مہیندر کمار اور دیگر معززین موجود تھے۔